کراچی:- ( ) وزیر بلدیات سندھ کی ہدایات پر اینٹی تھیفٹ سیل واٹر بورڈ نے پانی چوروں کا گہرا تنگ کردیا۔
پانی چوری میں ملوث ملزمان کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں، انہیں کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ وزیر بلدیات سندھ
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی میں پینے کے پانی کی چوری اور ضیاع کے خاتمے کیلئے ایک ٹاسک فورس قائم کی تھی، ٹاسک فورس کے سربراہ وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ جبکہ دیگر ممبران میں کمشنر کراچی، ایڈیشنل آئی جی کراچی، وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی وقار مہدی، وائس چیئرمین واٹر بورڈ سید نجمی عالم اور واٹر بورڈ کے چیف انجنیئرز ٹاسک فورس کا حصہ ہیں، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ ٹاسک فورس پولیس، رینجرز اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ ملکر شہر بھر میں پانی چوری، غیر قانونی ہائیڈرنٹس اور غیر قانونی کنیکشنز کے خلاف بڑا آپریشن شروع کریگی، اس ضمن میں اینٹی تھیفٹ سیل واٹر بورڈ نے وزیر اعلیٰ سندھ اور ٹاسک فورس کے سربراہ و وزیر بلدیات سندھ کی ہدایات پر عملدرآمد کرتے ہوئے شھر کے مختلف علاقوں میں پانی چوروں کے خلاف گرینڈ آپریشن شروع کردیا، انچارج اینٹی تھیفٹ سیل واٹر بورڈ نے پولیس کے ہمراہ لانڈھی لیبر اسکوائر میں واٹر مافیا کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے زینت فیکٹری کی آڑ میں جدید پلانٹ اور ذخیرہ آب کے بڑے زیر زمین غیر قانونی واٹر ٹینکس کو مسمار کردیا، انچارج اینٹی تھیفٹ سیل واٹر بورڈ عبدالواحد شیخ کا کہنا تھا کہ ملزمان نے زینت فیکٹری کی آڑ میں جدید پلانٹ اور ذخیرہ آب کے بڑے زیر زمین ٹینک بنائے تھے جہاں ٹینکروں کے ذریعے یومیہ سیکڑوں واٹر ٹینکر انڈسٹریل ایریا میں مہنگے داموں فروخت کیے جاتے تھے، انکا کہنا تھا کہ آپریشن کے دوران متعدد واٹر ٹینکر، موٹریں، پائپس اور دیگر آلات قبضے میں لیکر متعلقہ تھانے میں جمع کروا دیئے گئے ہیں، جبکہ واٹر ہائیڈرینٹ مافیا کے خلاف سکھن تھانے میں مقدمہ درج کروا دیا گیا ہے، اس موقعے پر وزیر بلدیات سندھ و چیئرمین واٹر بورڈ سید ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ پانی چوری میں ملوث ملزمان کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں، انہیں کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے اور شہریوں کے حصے کا پانی چوری کرنے والوں اور مضر صحت پانی فروخت کرنے والوں کیخلاف آپریشن کا دائرہ مزید وسیع کرتے ہوئے انکو قانون کی گرفت میں لایا جائے۔
جاری کردہ:- عبدالقادر شیخ
پبلک ریلیشنز آفیسر
کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ